ناگپور13جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بیف کو لے کر ملک میں تشدد نہیں رک رہا ہے۔تازہ معاملہ مہاراشٹر کے ناگپور کا ہے، جہاں اسکوٹر ڈگی میں مبینہ بیف لے جانے کے شبہ میں ہجوم نے ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر زخمی کر دیا۔پولیس نے برآمد گوشت کو چیک کرنے کے لئے بھیج دیاہے۔اس معاملے میں پولیس نے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیاہے۔وہیں اس کیس میں ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بی جے پی کا کارکن ہے۔معاملہ ناگپور کے بھارسگی گاؤں کاہے۔سلیم اسماعیل شاہ نام کے ایک شخص الزام ہے کہ وہ اسکوٹی کے ٹرنک میں بیف رکھ کرلے جا رہاتھا۔بھارسگی بس اسٹاپ کے قریب لوگوں نے اچانک اسے گھیر لیا اور درمیان سڑک میں بری طرح پیٹنے لگے۔جس کے بعد اسماعیل کواسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اسماعیل کا کہنا ہے کہ میں چنا،کپاس کاکام کرتا ہوں۔اس سے پہلے میں اوریٹل کا کام کرتاتھا۔وہ کمپنی بند ہو گئی تو اب میں چناکپاس کام کرکے اپنوں بچوں کو پالتا ہوں۔میں بی جے پی کے اندرتقریباََ 12سال سے کام کر رہا ہوں۔میں پارٹی میں اقلیتی سیل کا صدر تھا اور اب کاٹولتالوکا میں جنرل سکریٹری ہوں۔اسکوٹی میں بیف نہیں تھاوہ مٹن تھا۔متاثرہ کی بیوی زریں تبسم نے کہاہے کہ ان کو بہت تکلیف ہو رہی ہے۔لوگوں نے انہیں بہت مارا ہے۔میرے شوہر پر غلط قسم کا الزام لگایاگیاہے۔وہ مسجد کی کمیٹی کے ایک پروگرام کے لئے مٹن لے جا رہے تھے۔ہمارا گوشت کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔انہوں نے کہاہے کہ مجرموں کو سزا ملنی چاہئے۔سلیم اسماعیل کہتے رہے ہیں کہ اس کے پاس بیف نہیں ہے۔ایک شخص نے تو زمین پر پڑے اسماعیل کے اوپر اسکوٹی ہی پھینک دی۔جس کے بعدوہ بے ہوش ہو گیا۔پولیس نے ایکٹوا کے ٹرنک ضبط گوشت کو چیک کرنے کے لئے لیباریٹری بھیج دیاہے۔